سپریم کورٹ،آڈیوز لیکس کمیشن کیس: وفاقی حکومت نے آڈیو لیکس کمیشن کیخلاف سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کردی
ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے عدالت میں کہا کہ عدالت مختصر تاریخ دے دے،سوال یہ ہے حکومت آڈیوز کی انکوائری چاہتی ہے یا نہیں، یہ معاملہ کابینہ میں پیش کیا جانا تھا،اسلام آباد میں امن و عامہ کی صورتحال کی وجہ سے کابینہ میں پیش نہ ہوسکا، وقت دے دیں آڈیو لیکس کا معاملہ آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائیگا، کابینہ کی آڈیوز لیکس پر فیصلہ سے عدالت کو آگاہ کیا جائے گا،وکیل پی ٹی آئی بابر اعوان نے کہا کہ آڈیوز کی قانونی حیثیت سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے،جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ اٹارنی جنرل آفس کو حکومت سے ہدایات لینے دیں، حکومتی ہدایات آنے پر معاملہ کو دیکھیں گے،جسٹس امین الدین خان سربراہی میں چھ رکنی بینچ نے سماعت کی
دوسری جانب سُپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے قیدیوں کو یکساں سہولیات دینے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کردی،جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ اس طرح کی درخواستیں سُپریم کورٹ نہ لائیں، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ قیدیوں کی سہولیات کا جائزہ لینا سُپریم کورٹ کا کام ہے؟جیل قوانین پر اعتراض ہے تو متعلقہ صوبے یا ہائیکورٹ سے رجوع کریں
سپریم کورٹ آئینی بینچ ، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس جمال مندوخیل نے کیس کی سماعت سےمعذرت کر لی، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ ہم دونوں جوڈیشل کمیشن کے ممبر ہیں، جسٹس امین الدین نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی تعیناتی کیلئے جوڈیشل کمیشن کے ممبر تھے،آئینی بینچ نے کیس دوسرے آئینی بینچ میں لگانے کی ہدایت کردی،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ سنیارٹی سے ہٹ کر چیف جسٹس کی تعیناتی کی مثالیں موجود ہیں، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ کمیشن کے دو رکن یہ کیس نہیں سن سکتے، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تعیناتی کیخلاف جوڈیشل کمیشن کو فریق بنایا گیا،
خیبرپختونخواہ حکومت نے سٹون کرشنگ پر تفصیلی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی
علاوہ ازیں سپریم کورٹ: آئینی بنچ میں خیبرپختونخواہ میں سٹون کرشنگ سے متعلق کیس  کی سماعت ہوئی، خیبرپختونخواہ حکومت نے سٹون کرشنگ پر تفصیلی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی،وکیل خیبر پختونخوا کوثر علی شاہ نے کہا کہ ہر ایک سٹون کرشر کا جائزہ لے کر رپورٹ تیار کی گئی ہے، شرائط پر پورا نہ اترنے والے دو سو سے زائد کرشنگ پلانٹس کو بند کیا گیا ہے ،وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ اس مقدمہ میں اعتزاز احسن مرکزی وکیل ہیں، اعتزاز احسن خرابی صحت کے باعث آج نہیں آسکے،خیبرپختونخواہ حکومت کی رپورٹ کا جائزہ نہیں لیا، آئینی عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی








