مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری سے گفتگو کی آڈیو لیکس کا معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل میں بھیجنے کا مطالبہ کر دیا۔
نواز شریف کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کی جو آڈیو لیکس سامنےآئی ہیں وہ انتہائی سنگین ہیں، اعلیٰ عدالت کے جج کے بارے میں اس سے زیادہ سنگین باتیں کیا ہو سکتی ہیں؟ یہ معاملہ بھی سپریم جوڈیشل کونسل کو نہیں بھیجنا تو پھر کیا کرنا ہے؟
قائد مسلم لیگ ن کا کہنا تھا اگر ان کا نام نہیں بھیجنا تو میرا نام بھیج دیں، پہلے بھی مجھ پر اتنے الزامات لگائے گئے ہیں ایک نیا الزام بھی لگ جائے تو کیا فرق پڑتا ہے۔


سابق وزیراعظم نے کہا کہ پرویز الٰہی کی جو آڈیو لیک سامنے آئی ہے اس کا ہر سطح پر نوٹس لیا جانا چاہیے۔


یاد رہے کہ گزشتہ روز چوہدری پرویز الٰہی کی صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری کے ساتھ گفتگو کی ایک مبینہ آڈیو وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس کے دوران لیک کی تھی۔
چوہدری پرویز الٰہی کا اپنی آڈیو کے حوالے سے کہنا ہے کہ اس میں ایسی کوئی بات نہیں ہے جبکہ عابد زبیری کا کہنا ہے کہ آڈیو کو ایڈٹ کر کے غلط رنگ دینے کی کوشش کی گئی، توڑ مروڑ کر آڈیو جاری کرنے والے جھوٹے اور بدنیت ہیں۔
دوسری جانب وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی آڈیو لیک کی تحقیقات کی اجازت دے دی ہے۔

Shares: