اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بہاولپور اسد سرفراز خان کے احکامات پر ڈکیتی اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی، جس کے دوران پولیس نے بڑی مقدار میں ڈکیتی شدہ رقم اور ناجائز اسلحہ بھی برآمد کیا۔ ڈی پی او بہاولپور کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت اولین ذمہ داری ہے اور جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
ایس پی انویسٹی گیشن خالد محمود تبسم نے تھانہ کینٹ میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی خصوصی ہدایات پر تھانہ کینٹ کے ایس ایچ او طاہر اقبال اور ان کی ٹیم نے ایک بڑی ڈکیتی کی واردات کو ٹریس کیا۔ یہ واردات ایک نجی کنسٹرکشن کمپنی کے مالک کے ساتھ ہوئی تھی۔ جدید ٹیکنالوجی، CCTV فوٹیج، جیوفینسنگ، ہیومن ریسورس اور سائنسی تحقیقات کے ذریعے ملزمان کی شناخت اور ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ ملزمان سے 80 لاکھ روپے کی ڈکیتی شدہ رقم اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد ہوا۔
ایس پی خالد محمود تبسم نے مزید بتایا کہ تھانہ سٹی احمدپور شرقیہ میں اغوا برائے تاوان کے مقدمے میں بھی کامیابی حاصل ہوئی۔ ڈی پی او بہاولپور نے تھانہ اوچ شریف کے ایس ایچ او محمد لطیف کو خصوصی ٹاسک دیا۔ پولیس نے قلیل وقت میں کارروائی کرتے ہوئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دیں، جنہوں نے اغوا کاروں کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کرلیا۔ ان سے 1 کروڑ 58 لاکھ روپے کی تاوان کی رقم، واردات میں استعمال ہونے والی گاڑیاں، موٹر سائیکل اور ناجائز اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور برآمد شدہ رقم ضروری کارروائی کے بعد اصل مالکان کو واپس کی جا رہی ہے۔ شہریوں نے اپنی رقم کی بحالی اور ملزمان کی فوری گرفتاری پر بہاولپور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
ڈی پی او اسد سرفراز خان نے اس موقع پر بیان دیا کہ جرائم پیشہ افراد کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی اور انہیں قانونی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ میڈیا کے نمائندگان نے پولیس کی اس بہترین کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی عوام کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات جاری رہیں گے۔








