میرپور خاص (باغی ٹی وی،نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ کی رپورٹ) 13 سالہ لڑکی اور 21 سالہ لڑکے کی مشکوک ہلاکت، ورثاء کا معاملہ دبانے کی کوشش

تفصیلات کے مطابق میرپورخاص کے تعلقہ کوٹ غلام محمد کے گاؤں سانولو کمدار میں ایک انتہائی مشکوک واقعہ پیش آیا جہاں رانا میگھواڑ کی دکان کے گاڈر سے 13 سالہ لڑکی کویتا بنت رانا گلوگار اور 21 سالہ لڑکے ہنس راج ولد سرون بھیل کی لاشیں لٹکی ہوئی پائی گئیں۔ اس واقعے کو بظاہر خودکشی قرار دیا جا رہا ہے مگر شواہد اور حالات سے یہ معاملہ مشتبہ دکھائی دیتا ہے۔

ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد ورثاء کی جانب سے اس معاملے کو دبانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے صحافیوں کو مؤقف دینے سے انکار کر دیا اور کہا کہ اس واقعے کو ذہنی توازن کی خرابی کا نتیجہ قرار دے کر اسے خودکشی کے طور پر پیش کیا جائے۔

تعلقہ ہیڈکوارٹر اسپتال میں بھی بااثر افراد نے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے پوسٹ مارٹم کی کارروائی کو رکوا دیا۔ اس وجہ سے لاشوں کی درست وجوہات جاننے کا عمل تعطل کا شکار ہے اور اس بات کا خدشہ ہے کہ واقعے کی اصل حقیقت دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی آزادانہ اور اعلیٰ سطحی تحقیقات ضروری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا یہ واقعی خودکشی ہے یا معاملہ کچھ اور ہے جو جان بوجھ کر چھپایا جا رہا ہے۔

یہ افسوسناک واقعہ کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ عوامی حلقوں کا مطالبہ ہے کہ حکام فوری طور پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کریں اور متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے۔

Shares: