اوچ شریف،باغی ٹی وی ( نامہ نگارحبیب خان)نان بائیوں نے حکومتی احکامات ہوا میں اڑا دئیے، روٹی سستی کرنے والے نان بائیوں نے 100 گرام کے بجائے روٹی کا وزن 86 گرام کردیا، روٹی کا ریٹ 15 روپے کی بجائے 20 روپے اور نان 27 روپے میں فروخت، ضلعی انتظامیہ کی زبانی جمع خرچ پر مبنی پھرتیاں جاری، چند ایک مقامات پر ریٹس کے بینرز آویزاں کروانے کے بعد خاموشی، عوام کا ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ،

اوچ شریف سمیت گردونواح میں تندور اور ہوٹل مالکان نے نان و روٹی کے من مرضی نرخ مقرر کرکے مہنگے داموں نان و روٹی کی فروخت شروع کر رکھی ہے، روٹی کے مقررہ وزن 100گرام کی بجائے 86 گرام اور روٹی کی قیمت 15 روپے کی بجائے 20 روپے میں فروخت جاری ہے،

اسی طرح نان کے مقرر کردہ وزن 120گرام کی بجائے 100گرام پر 20 روپے کی بجائے 27 روپے وصول کی جارہی ہے ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بااثر تندور و ہوٹل مالکان کے سامنے بے بس دکھائی دیتے ہیں انتظامیہ نے صارفین کو ناجائز منافع خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔ تاہم روٹی کے ریٹس پر عملدرآمد کروانے میں ناکام ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کے لیے دوہری مشکل کھڑی کردی ہے،

شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے قیمت پنجاب ایپ پر روٹی کی قیمت 15روپے جبکہ نان کی قیمت 20روپے مقرر کررکھی ہے لیکن اوچ شریف شہر سمیت گردونواح میں تندور و ہوٹل مالکان من مرضی کے نرخ وصول کررہے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں کو متعلقہ افسران کی سرپرستی حاصل ہے جس کی وجہ سے گراں فروشوں نے اپنی الگ ریاست قائم کر رکھی ہے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے نوٹس لینے اور گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں اور ان کی سرپرستی کرنے والے افسران کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیاہے

Shares: