صوابی: خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں موسمی صورتحال انتہائی خراب ہونے کے باعث شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں 42 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ چند روز قبل گاؤں دالوڑی بالا میں آنے والے کلاؤڈ برسٹ نے 17 گھروں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا، جس کے باعث 40 افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔

ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللہ نے بتایا کہ متاثرہ علاقے میں ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے ملبے تلے سے 40 افراد کو نکالا، جن میں سے 37 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ صوابی کے دیگر علاقوں میں بھی کلاؤڈ برسٹ کی شدت برقرار رہی، جس سے کئی گھر متاثر ہوئے اور کئی مکینوں کی جانیں بھی گئیں۔ خاص طور پر سرکوئی پایاں میں کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے 4 افراد جاں بحق ہوئے، جب کہ کرنل شیر ندی کے مقام پر سیلابی ریلے میں بہنے والے ایک نوجوان کی لاش گزشتہ روز ریسکیو ٹیموں نے نکالی۔

ڈپٹی کمشنر نصراللہ نے کہا کہ مجموعی طور پر صوابی میں بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے 42 افراد اپنی جانیں کھو چکے ہیں۔ دالوڑی بالا میں 17 گھر، سرکوئی میں ایک گھر مکمل طور پر تباہ ہوا ہے، جبکہ مجموعی طور پر 27 گھروں کو مختلف سطح پر نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ علاقے میں بحالی کے کام بھی جاری ہیں تاکہ متاثرین کو جلد از جلد سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انتظامیہ اور ریسکیو ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور حکومت نے متاثرہ خاندانوں کے لئے خصوصی امداد کا اعلان کیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور موسمی صورتحال کا خاص خیال رکھیں۔

Shares: