صوابی کے تھانہ سٹی میں زور دار دھماکہ، کئی افراد زخمی

blast

خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی کے تھانہ سٹی میں جمعرات کی صبح ایک زور دار دھماکہ ہوا جس سے تھانے کی عمارت کی چھت گر گئی اور کئی افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے بعد فوری طور پر ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسز موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں لوگوں کو زخمیوں کو لے جاتے اور تھانے سے اٹھتے ہوئے شعلے واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ عمارت کی چھت مکمل طور پر منہدم ہو گئی اور دھماکے کے بعد آگ بھی بھڑک اٹھی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ تھانہ صوابی کی دوسری منزل پر واقع کوتوالی میں ہوا، جس کے نتیجے میں بیرکس منہدم ہو گئیں۔ کئی افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور ریسکیو ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق اب تک آٹھ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور ابتدائی معلومات کے مطابق کوئی بھی حتمی وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔

Comments are closed.