اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ترقیاتی منصوبوں اور عیدالاضحیٰ صفائی پلان پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ایکسین ہائی وے، ایکسین پی ایچ ای، ایکسین لوکل گورنمنٹ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ، سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ محمد رضوان وارث سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں اے ڈی پی اور ایس ڈی جیز 2024-25 کے تحت سڑکوں کی تعمیر و مرمت، سیوریج، ڈرینج، ٹف ٹائل، واٹر فلٹریشن پلانٹس، سپورٹس سٹیڈیمز اور مراکز صحت کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر نے حجرہ شاہ مقیم تا حویلی لکھا روڈ اور اختر آباد تا شیرگڑھ روڈ پر ترقیاتی کام کی سست روی پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں منصوبے جلد از جلد مکمل کیے جائیں، جبکہ ڈپٹی کمشنر کو ان سڑکوں کی انسپکشن کروانے کی ہدایت بھی کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی کاموں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف جدید تقاضوں کے مطابق عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہیں اور ان منصوبوں پر بھاری فنڈز کے ساتھ ساتھ سخت مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی سکیمیں عوام کی سہولت کا ذریعہ ہیں، اس لیے ان میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام محکمے کام کی رفتار تیز کریں اور جلد از جلد منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں۔

Shares: