راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ایک پروقار اور شاندار تقریب کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو باقاعدہ گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

قومی عسکری روایات کے مطابق گارڈ آف آنر کی یہ تقریب نہ صرف ان کی اعلیٰ عسکری خدمات کا اعتراف ہے بلکہ مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی اور مضبوط دفاعی اتحاد کی علامت بھی ہے۔تقریب کے دوران تینوں مسلح افواج،پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو روایتی فوجی سلامی پیش کی۔ اس موقع پر پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہ بھی موجود تھے، جنہوں نے فیلڈ مارشل کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ کیا۔بعد ازاں آڈیٹوریم میں ’معرکۂ حق‘ کے دوران شاندار خدمات انجام دینے والے پاک فضائیہ کے پائلٹس کو اور پاک بحریہ کے آفسران کو چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سید عاصم منیر کی جانب سے سووینئرز (Souvenirs) پیش کیے گئے۔

جی ایچ کیو کے پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والی تقریب کا ماحول قومی جوش، پیشہ وارانہ مہارت اور عسکری نظم و ضبط کا خوبصورت عکاس تھا، جبکہ ملٹری بینڈ نے سلامی کے دوران قومی دھنیں بجا کر تقریب کو مزید دلکش بنا دیا۔دوسری جانب یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ معرکۂ حق کے تاریخی تناظر نے اس تقریب کو مزید اہمیت بخشی۔ اس معرکے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی براہِ راست قیادت میں پاکستان نے بھارت کو فیصلہ کن اور ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا تھا۔ اس آپریشن میں نہ صرف دشمن کے جدید فضائی دفاعی نظام کو ناکام بنایا گیا بلکہ بھارتی فضائیہ کے 7 جدید ترین جنگی طیارے بھی مار گرائے گئے، جسے عسکری ماہرین پاکستان کی جانب سے ایک غیر معمولی اسٹریٹجک کامیابی قرار دیتے ہیں۔

Shares: