میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میٹرک کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے سرکاری اسکولوں کے طالب علموں سے کئے گئے وعدے کے مطابق آئی فون اور لیپ ٹاپ ان کے حوالے کردیا.
باغی ٹی وی کے مطابق کامیاب طالب علموں اور ان کے والدین نے میئر کراچی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، اس موقع پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل کے ممبران بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میٹرک کے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے حافظ عبدالرافع کو آئی فون اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی رومیسہ کو لیپ ٹاپ تحفے میں دیا، میئر کراچی نے اس موقع پر کہا کہ کراچی کے سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کا میٹرک کے امتحان میں پوزیشن حاصل کرنا ہمارے لئے باعث فخر ہے، ان طالب علموں کی حوصلہ افزائی کے لئے میں نے اپنی جانب سے یہ انعامات دینے کا اعلان کیا تھا اور آج یہ انعامات ان طالب علموں کو دے دیئے گئے ہیں، میری خواہش ہے کہ یہ طالب علم مزید محنت کے ساتھ اپنی پڑھائی جاری رکھیں اور آئندہ امتحانات میں اس سے بھی بڑھ کر کامیابی حاصل کرکے اپنے شہر اور ملک کا نام روشن کریں، انہوں نے کہا کہ ہمارے یہ بچے پوری قوم کے لئے مثال ہیں کہ کم وسائل رکھنے کے باوجود بھی محنت اور لگن سے کوششیں جاری رکھنا کبھی ضائع نہیں جاتا اور ایسے لوگوں کو اپنی محنت کے ثمرات ضرور حاصل ہوتے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ ہمارے یہ بچے اور بچیاں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا شوق رکھتے ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ وہ اس میں کامیاب ہوں گے۔اچھی اور معیاری تعلیم ہمیں ایک اچھا اور معاشرے کے لئے کارآمد انسان بنانے میں معاون ہوتی ہے، آج کے بچے اگر اپنے والدین، اساتذہ اور بزرگوں کا احترام کریں گے تو انہیں کل ضرور اس کا صلہ ملے گا، وسائل کی کمی کے باوجود جو والدین اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہے ہیں وہ نہ صرف قابل ستائش ہیں بلکہ معاشرے کے لئے بہترین مثال بھی ہیں۔