پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے قومی پرچم لہرانے کی مہم کا اعلان کیا
پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے پریس کانفرنس میں ملک بھر میں قومی پرچم لہرانے کی مہم کا اعلان کیا ہے، جو یکم اگست سے تیس اگست تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو ملک کے ہر کونے میں قومی پرچم لہرایا جائے گا، اور اس مہم کا مقصد دین اور وطن کی حرمت کو اجاگر کرنا ہے۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے اس موقع پر کہا کہ دین و وطن ان کے لیے ریڈ لائن ہیں اور ان کی حرمت پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی استحکام پر سیمینارز اور کنونشنز منعقد کیے جائیں گے، جن میں چار اگست کو گوجرانوالہ اور گیارہ اگست کو لاہور میں کانفرنسز شامل ہیں۔
انہوں نے بھارت کے پانچ اگست کو مقبوضہ کشمیر میں کیے جانے والے اقدامات کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یوم استحصال کشمیر دنیا بھر میں منایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں ظلم ڈھایا ہے، جس کی بھرپور مذمت کی جانی چاہیے۔طاہر اشرفی نے فلسطین اور کشمیر کی موجودہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حق کی بات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مضبوط قوم اور فوج ہونے کی وجہ سے ملکی سازشوں کا مقابلہ کر رہا ہے اور کشمیر کے مسئلے پر درست طریقے سے بات ہو رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے تیس ہزار مدارس مختلف محکموں کے ساتھ منسلک ہیں، جن میں سے پندرہ ہزار مدارس نے رجسٹریشن کی ہے۔ انہوں نے نیکٹا پر بھی تنقید کی کہ اس کو اپنے معاملات میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے یقین دلایا کہ مدارس میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے شواہد پیش کرنے پر سخت کارروائی کی جائے گی، اور ایسے مدارس کو بند کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔