تلہ گنگ (باغی ٹی وی، ملک محمد مزمل اقبال)ڈپٹی کمشنر چکوال/تلہ گنگ کی خصوصی ہدایات پر تلہ گنگ شہر میں تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز اور مؤثر گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ کی نگرانی میں میونسپل کمیٹی کی ٹیم متحرک کردار ادا کر رہی ہے اور اب تک درجنوں غیر قانونی دکانیں، ہوٹل اور تعمیرات کو سیل کیا جا چکا ہے۔

اس آپریشن میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی، انکروچمنٹ آفیسر ملک مدثر، ایم او ار ملک سلیم اقبال اور ان کی ٹیم روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں موجود رہتی ہے۔ کارروائیاں شہر کے مرکزی بازار، بس اڈہ، لاری اڈہ اور دیگر اہم مقامات پر کی جا رہی ہیں تاکہ عوامی راستے کشادہ ہوں، شہریوں کی آمدورفت میں آسانی ہو، اور شہر کی خوبصورتی بحال کی جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ نے واضح پیغام دیا ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے یا عوامی جگہوں پر ناجائز قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عوامی حلقوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے شہر کی بہتری کی جانب مثبت قدم قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ آپریشن مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا تاکہ تلہ گنگ کو تجاوزات سے مکمل نجات دلائی جا سکے۔

Shares: