ملتان خورد میں جعلی پیر کا دھندا پھیل گیا، بےگناہوں کی زندگیاں اجیرن،ایک کیخلاف مقدمہ درج

تلہ گنگ (باغی ٹی وی،نامہ نگارشوکت ملک)ملتان خورد شہر میں جعلی پیروں کا دھندا عروج پر ہے اور یہ لوگ بےگناہ لوگوں کی زندگیاں اجیرن بنا رہے ہیں۔ تازہ ترین واقعہ میں طارق نامی ایک جعلی پیر کے خلاف کالے جادو اور ٹونے کے الزامات میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق افضل خان نامی شخص گزشتہ کچھ عرصے سے طارق نامی جعلی پیر کے پاس جا رہے تھے۔ افضل خان کے بیٹے نعیم افضل کا کہنا ہے کہ ان کے والد طارق پر پوری طرح سے انحصار کر رہے تھے اور اس کا کہنا ماننے پر مجبور تھے۔ طارق نے افضل خان پر کالا جادو کر رکھا تھا جس کی وجہ سے وہ شدید بیمار رہتے تھے۔

گزشتہ روز افضل خان اچانک گھر سے غائب ہو گئے اور جب نعیم افضل نے انہیں تلاش کیا تو وہ طارق کی دکان پر ملے۔ جب نعیم افضل نے طارق سے اپنے والد کو چھوڑنے کو کہا تو طارق نے اسے دھمکیاں دینی شروع کر دیں اور کہا کہ وہ اس کی پوری نسل کو تباہ کر دے گا۔

نعیم افضل نے اس واقعے کی اطلاع پولیس کو دی اور طارق کے خلاف تھانہ ٹمن میں مقدمہ درج کروا دیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے طارق کو گرفتار کر لیا ہے۔

Comments are closed.