طلال چودھری کو خاتون رکن اسمبلی سے بدکلامی مہنگی پڑ گئی
طلال چودھری کو خاتون رکن اسمبلی سے بد کلامی مہنگی پڑ گئی
ٹی وی مذاکرے میں نون لیگی رہنما طلال چودھری کی تحریک انصاف کی خاتون رکن اسمبلی کنول شوذب سے بدکلامی پر تحریک انصاف نے طلال چودھری کیخلاف پمرا سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا،تحریک انصاف نے چینلز انتظامیہ سے تہذیب و شائستگی کا پردہ چاک کرنے والے بدتمیز افراد کو پروگرامات میں مدعو نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے
تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد کا کہنا ہے کہ طلال چودھری روایتی طور پر بدتمیز اور اخلاقیات سے عاری شخص ہے، طلال چودھری اس سے پہلے بھی بدزبانی کرتے رہے ہیں، اس شخص کی لغو گوئی پر عدالت کو نوٹس لے کر کارروائی کرنا پڑی،قومی ٹیلی ویژن پر بیہودہ گوئی سماجی سطح پر تباہ کن اثرات کی حامل ہے ،صحت مند بحث کی بجائے ٹی وی مذاکروں کو گالم گلوچ یا بیہودہ الزامات کا ذریعہ بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،
احمد جواد کا مزید کہنا تھا کہ چینلز انتظامیہ اس حوالے سے فیصلہ لیں اور اپنی سکرینوں کو اس قسم کے آوارہ کرداروں سے پاک کریں،پمرا طلال چودھری کی خرافانہ گفتگو کا نوٹس لے اور قواعد کے تحت کارروائی کرے، تحریک انصاف با ضابطہ تحریری درخواست کے ذریعے بھی پمرا سے کارروائی کا تقاضا کرے گی،