اینٹی نارکوٹکس فورس کی تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف بڑی کامیابی

0
109

کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے جاری اپنی مہم میں ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ لانڈھی کے علاقے میں ایک غیر سرکاری تنظیم (این جی او) کے خلاف اہم کارروائی کرتے ہوئے اسے بے نقاب کیا گیا، جو انسانی حقوق کی آڑ میں منشیات فروشی جیسے مکروہ دھندے میں ملوث تھی۔ لانڈھی کے علاقے میں این جی او کے نام پر ایک منظم گروہ منشیات فروشی میں ملوث تھا، جو تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز میں طلباء کو منشیات فروخت کرتا تھا۔ اے این ایف کی ٹیم نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر اس گروہ کے خلاف ایک بڑے آپریشن کی منصوبہ بندی کی، جس کے نتیجے میں انتہائی مہارت اور ٹیکنیکل بنیادوں پر اس گروہ کے سرغنہ سمیت متعدد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ یہ گروہ خواتین کو استعمال کرتے ہوئے کراچی، حیدرآباد، اور ملحقہ علاقوں میں منشیات فروشی کرتا تھا۔ ایک خفیہ اطلاع کے بعد اے این ایف نے ایک خاتون ڈرگ کیرئیر کو ٹنڈو آدم سے کراچی پہنچتے ہی منشیات سمیت گرفتار کر لیا۔ گرفتار خاتون کی نشاندہی پر اے این ایف نے دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 900 گرام ہیروئن برآمد ہوئی، جس میں 400 گرام خاتون ملزمہ سے اور 500 گرام اس کے ساتھی ملزم سے برآمد کی گئی۔ مزید تفتیش کے دوران گروہ کے سرغنہ کو غیر قانونی اسلحہ اور منشیات سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ تینوں ملزمان سے مجموعی طور پر 1.5 کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔
گرفتاری کے دوران گاڑی کی تلاشی میں مختلف پریس کارڈز، پریس مونوگرام، اور جعلی نمبر پلیٹیں بھی برآمد کی گئیں، جو گروہ کے مختلف مقاصد کے لیے استعمال ہوتی تھیں۔ ملزمان نے دوران تفتیش مزید انکشاف کیا کہ وہ حیدرآباد میں بھی منشیات اسمگلنگ میں ملوث تھے۔
اے این ایف نے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔ ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ترجمان اے این ایف کے مطابق، فورس نے منشیات کے خلاف جنگ کو مؤثر انداز میں جاری رکھا ہوا ہے اور تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ منشیات فروشی کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں۔اینٹی نارکوٹکس فورس کی یہ کامیاب کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ فورس منشیات کے خلاف اپنے مشن میں پختہ عزم کے ساتھ مصروف عمل ہے۔ اس سے نہ صرف معاشرتی مسائل میں کمی آئے گی بلکہ تعلیمی اداروں میں بھی ایک محفوظ اور صحت مند ماحول کی فراہمی ممکن ہوگی۔

Leave a reply