پیپلز پارٹی کی رہنما، رکن پارلیمنٹ سحر کامران نے کہا ہے کہ سزاؤں میں ریلیف اگر خط لکھنے سے ملنا شروع ہو جائے تو تمام قیدی خط لکھ کر سزائیں معاف کروائیں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سحرکامران کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وفاق کی جماعت ہے اور ہم پورے ملک کی ترقی پر یقین رکھتے ہیں۔ ہمیں کسی صوبے سے مقابلے کی بات نہیں کرنی، ہم ایک مضبوط وفاق اور خوشحال ملک کی بات کر رہے ہیں۔ہم آئین کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کی بات کر رہے ہیں۔
سحر کامران کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں سندھ کی ترقی اور جدید ترین مفت ہیلتھ کیئر سسٹم پر فخر ہے، آج تھرپارکر بجلی پیدا کرکے قومی گرڈ کو دے رہا ہے۔ ہم وزیر اعظم اور وفاق کو ان کی ذمہ داری یاد دلا رہے ہیں، سندھ میں نامکمل وفاقی منصوبوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، ان کا مزید کسی تاخیر کےمکمل ہونا بہت ضروری ہے۔