تمام سرکاری سکولوں میں مفت کتابیں پہنچا دی جائیں گی،مراد راس

صوبائی وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کا لاہور میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب میں گزشتہ چار ماہ کے دوران تباہی مچائی گئی۔ اپنے لوگ لگانے کے لئے لوگوں کو بلاوجہ نوکریوں سے نکالا گیا۔

مراد راس نے کہا کہ مسلم لیگ ن جیسی جماعتیں چاہتیں ہیں کہ ہماری آنے والی نسلیں پڑھی لکھی نہ ہوں اور بیشعور رہ کر ان کو ووٹ ڈالتی رہیں۔ مراد راس نے یہ بھی کہا کہ 16000 ایجوکٹرز اور گریڈ 1 سے 4 تک کے 11 ہزار ملازمین کی بھرتی کے لئے سمری بھجوا دی گئی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب بھر میں کتابوں کی کمی فوری پوری کرنے کا حکم دے دیا ہے، اگلے جمعہ تک صوبے کے تمام سرکاری سکولوں میں مفت کتابیں پہنچا دی جائیں گی۔

مراد راس نے یہ بھی بتایا کہ پنجاب بھر کے ایس ٹی آئییز کو یکم ستمبر تک تنخواوں کی مکمل ادائیگی کر دی جائے گی۔ وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے محکمہ سکول ایجوکیشن سے متعلقہ شکایات کے ازالے کے لئے ٹول فری ہیلپ لائن کا آغاز کر دیا۔ عام عوام کسی بھی قِسم کے مسائل کی نشاندہی کے لئے محکمہ تعلیم کے ٹول فری نمبر 042 111112020 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

مراد راس نے مزید کہا کہ ہم نے گزشتہ حکومت کے منصوبے بند کرنے کی بجائے ان میں بہتری کے لئے اقدامات کئے۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن میں طلبا کی تصدیق کے لیے بے فارم کی شرط متعارف کرائی گئی اور دانش سکولوں کو بھی پہلے سے بہتر بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے چار ماہ میں ہمارے منصوبوں کو روکنے کے سِوا کوئی کام نہیں کیا۔

انصاف اکیڈمی کے قیام کے حوالے بات کرتے ہوئے مراد راس کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے کام ختمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے، چند ہفتوں میں آغاز کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ آن لائن اکیڈمی کا یہ منصوبہ ہمارے بچوں کے لئے انتہائی مددگار اور کار آمد ثابت ہو گا۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں سیاسی اظہار و خیال کرتے ہوئے مراد راس نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پی ڈی ایم کے کرپٹ لیڈران کی نبض پر حاوی ہو چکے اور موجودہ وفاقی حکومت کو ملکی نقصان، عوام کے حال کی کوئی پرواہ نہیں، یہ مخض سیاسی انتقامات کے لئے ملک پر مُسلط ہیں۔

مراد راس نے مزید کہا کہ کراچی این اے 245 میں پی ٹی آئی کی شاندار جیت عمران خان کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ آج ہمارے عوام باشعور ہو چکے، اب یہ فاشست حکومت کچھ نہیں کر سکتی۔ مراد راس کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی ورکرز اور عام عوام پر جس ظلم اور تشدد کا مظاہرہ 25 جولائی کو کیا گیا اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ پی ڈی ایم جماعتوں کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے۔

عمران خان کے تمام سپاہیوں کے حوصلے بلند ہیں، کسی سازش سے گھبرانے والے نہیں۔ صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن پنجاب کا یہ بھی کہنا تھا گزشتہ چار ماہ میں فاشست حکومت نے ذاتی مفادات کے لیے ملُکی معشیت تباہ کر دی اور پی ڈی ایم ٹولے کی مشترکہ حکومت نے بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کا تماشہ بنایا ہوا ہے۔

ملک بھر میں سیلاب کی صورتحال کے حوالے بات کرتے ہوئے مراد راس نے بتایا کہ پنجاب میں سیلاب کی بدولت 950 سکول بند ہوئے ہیں اور ان سکولوں میں زیر تعلیم طلباء کو وہاں کے قریبی سکولوں میں منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ ان کا تعلیمی خرج نہ ہو۔ آخر میں مراد راس کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں موجود سکولوں کو ہونے والے نقصان کے ازالے کے لئے 2 کروڑ 80 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

Comments are closed.