تنگوانی (باغی ٹی وی – نامہ نگار منصور بلوچ)تنگوانی کے نواحی گاؤں باران خان باجکانی میں جدید اسلحے سے لیس مسلح افراد نے فائرنگ کر کے نوجوان محمد خان بکھرانی کو قتل کر دیا۔ واقعے کے بعد مقتول کے گھر میں کہرام برپا ہو گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر ڈکیتی کے ارادے سے گزر رہے تھے کہ مقتول نے انہیں روکنے کی کوشش کی، جس پر ڈاکوؤں نے جدید ہتھیاروں سے اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
واقعے کے بعد مقتول کے ورثاء نے جائے وقوعہ کے قریب گاؤں نظیر ڈہانی میں پیروں کے نشانات ڈالے، جس پر پولیس اور مقتول کے لواحقین نے مشترکہ کوشش کے ذریعے تین افراد کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کو تھانے منتقل کر کے ان کے خلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
درج شدہ مقدمہ میں ملزمان چاکر ڈہانی، نظیر ڈہانی، عبدالکریم ڈہانی اور دو نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ باقی مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔