تنگوانی (نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب واقع گاؤں معصوم شاہ میں کندھ کوٹ کے مقامی صحافی فدا حسین باجکانی کے گھر میں آگ لگنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ آگ کے شعلوں نے ان کے گھرمیں رکھی پرالی کے دو ڈھیروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے دو لاکھ روپے سے زائد کا مالی نقصان ہوا۔
آگ بجھانے کیلئے فائر بریگیڈ کو طلب کیا گیا، لیکن تنگوانی اور کندھ کوٹ دونوں فائر بریگیڈز نے موقع پر پہنچنے میں غفلت کا مظاہرہ کیا۔ تنگوانی فائر بریگیڈ کے انچارج نے اپنی گاڑی کے خراب ہونے کا بہانہ بنایا جبکہ کندھ کوٹ فائر بریگیڈ کے انچارج نے سیاسی مداخلت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایم پی اے عابد خان سندرانی اور تعلقہ چیئرمین راشد سندرانی کے حکم کے بغیر حرکت نہیں کر سکتے۔
آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے پڑوسیوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر پانی برتنوں میں بھرکر اپنی مددآپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی۔ ان کی بروقت کوششوں سے مزید نقصان سے بچا جا سکا، لیکن پرالی کے دو ڈحیر مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے۔
اس واقعے نے مقامی انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کو بے نقاب کر دیا ہے۔ عوام میں فائر بریگیڈ کی عدم دستیابی اور سیاسی مداخلت پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ایک صحافی کے گھر کی یہ حالت ہے تو عام آدمی کی حفاظت کا کیا عالم ہوگا۔
عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کی فوری طور پر تحقیقات کی جائیں اور غفلت کے مرتکب افراد کو سخت سزا دی جائے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ فائر بریگیڈ کو جدید آلات سے لیس کیا جائے اور سیاسی مداخلت سے پاک کیا جائے۔