تنگوانی،باغی ٹی وی (نامہ نگار منصور بلوچ)چوری کی واردات کے دوران فائرنگ، نوجوان جاں بحق، دوسرا زخمی

تنگوانی کے قریب چوری کی واردات کے دوران ایک نوجوان جان سے گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ یہ واقعہ انڑ اسٹاپ نصیر بنگلہ کے قریب باغ علی بهلکانی کے علاقے میں پیش آیا۔

چوروں نے ایک گھر میں چوری کی نیت سے داخل ہو کر بھینس چوری کرنے کی کوشش کی۔ گھر کے افراد کے جاگنے پر چوروں نے فائرنگ شروع کر دی۔ اس افسوسناک واقعے میں نوجوان عبدالصمد ڈاھانی موقع پر شہید ہو گیا جبکہ اس کا بھائی عبدالقادر بهلکانی شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق، چور اندھیری رات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اس سانحے کے بعد متاثرہ خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا اور گھر میں کہرام مچ گیا۔

اہلِ علاقہ نے پولیس کی کارکردگی پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس تاحال چوروں کو گرفتار کرنے یا ان کے خلاف کوئی عملی اقدام کرنے میں ناکام رہی ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس فوری کارروائی کر کے ملزمان کو گرفتار کرے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔

یہ واقعہ علاقے میں بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں اور پولیس کی ناکامی پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔

Shares: