تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے نواحی علاقے میں کاروکاری کے تنازع پر دو قبائل کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔ واقعہ جمال تھانے کی حدود میں انڑ پل اسٹاپ کے قریب پیش آیا جہاں باجکانی اور چولیانی برادری کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی۔
تصادم کے دوران فائرنگ سے باجکانی قبیلے کے نوجوان محمد عارب باجکانی موقع پر ہی گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی ہے اور مزید خونریزی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق دونوں قبائل کے درمیان پرانا تنازع موجود تھا، جسے کاروکاری کے معاملے نے مزید بھڑکا دیا۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور صورتحال کو قابو میں رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
تاحال کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی جبکہ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔