تنگوانی ،باغی ٹی وی(نامہ نگارمنصوربلوچ) گاؤں سلیم کھوسو میں خسرہ کی وبا ءسے ایک اور معصوم بچی سویرا لاشاری زندگی کی بازی ہار گئی، جس کے بعد علاقے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔
بچی کی موت پر گھر میں کہرام مچ گیا، والدین غم سے نڈھال ہیں جبکہ ماں پر غشی کے دورے پڑ رہے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے محکمہ صحت کی مجرمانہ خاموشی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
ضلعی بجٹ میں کروڑوں روپے مختص ہونے کے باوجود خسرہ کی وباء پر قابو نہ پایا جا سکا، جس کے باعث کئی معصوم جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ مقامی افراد نے وزیراعلیٰ سندھ، ڈی سی کشمور اور محکمہ صحت سے فوری نوٹس لینے اور خسرہ کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔








