تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ)تنگوانی شہر اور گردونواح میں چوری کی وارداتیں مسلسل جاری ہیں، شہری عدم تحفظ کا شکار اور کاروباری طبقہ شدید پریشانی میں مبتلا ہے۔ گزشتہ شب تنگوانی شہر میں ایک اور واردات میں چور دکان کا تالا توڑ کر نقدی اور قیمتی سامان لے اڑے، جبکہ پولیس حسبِ روایت غائب رہی۔
تفصیلات کے مطابق میرل نندوانی نامی شہری کی دکان کو رات کی تاریکی میں نشانہ بنایا گیا۔ چور تالے توڑ کر دکان میں داخل ہوئے اور نقد رقم و قیمتی سامان چوری کر کے فرار ہو گئے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پولیس تھانہ تنگوانی کی جانب سے نہ کوئی گشت ہے اور نہ ہی چوری کی وارداتوں کو روکنے کے لیے کوئی مؤثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔
مسلسل وارداتوں کے باعث شہر میں خوف و ہراس کی فضا ہے، جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ خود کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں۔ تاجروں نے شکوہ کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی وارداتوں نے کاروبار کو متاثر کر دیا ہے، اور اگر یہی صورتحال رہی تو لوگ اپنا کاروبار سمیٹنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس کی کارکردگی بہتر بنائی جائے اور چوروں کے خلاف فوری کارروائی کر کے انہیں کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے، تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔