تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے نواحی علاقے گھنا نہر کے قریب ایک افسوسناک واقعے میں پولیس وردی میں ملبوس ڈاکوؤں نے ڈاکٹر عبدالعزیز ولد شیر خان کھوسہ کو ان کی کمسن بچی سمیت اغوا کیا اور ان کی نجی گاڑی آلٹو کار چھین کر فرار ہو گئے۔
واقعہ رات تقریباً نو بجے اس وقت پیش آیا جب ڈاکٹر عبدالعزیز اپنے گاؤں سے تنگوانی شہر کی طرف آ رہے تھے کہ گھنا نہر کے مقام پر چار مسلح افراد نے جو پولیس یونیفارم میں ملبوس تھے، انہیں روک لیا۔ ڈاکو ڈاکٹر اور ان کی بچی کو گاڑی سمیت اغوا کر کے کچھ فاصلے پر لے گئے جہاں دو ڈاکو گاڑی لے کر فرار ہو گئے جبکہ باقی دو ڈاکوؤں نے ڈاکٹر اور ان کی بیٹی کو آدھے گھنٹے تک یرغمال بنا کر رکھا، جس کے بعد ویرانے میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
ڈاکٹر عبدالعزیز کے مطابق وہ اپنی بچی سمیت تقریباً 40 منٹ تک پیدل چلتے ہوئے شہر کی طرف بڑھے اور راستے میں ایک بستی کے قریب مقامی فرد سے فون لے کر اپنے خاندان کو اطلاع دی۔ ڈاکو ان کا موبائل فون، نقدی اور گاڑی بھی ساتھ لے گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈاکٹر کے ورثا ہتھیاروں سے لیس ہو کر جائے وقوعہ پر پہنچے اور ڈاکوؤں کا تعاقب کیا مگر وہ فرار ہو چکے تھے۔ متاثرہ خاندان نے پولیس پر سنگین غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنگوانی پولیس حدود میں ہونے والے واقعے کے باوجود پولیس نے کسی قسم کی مدد نہیں کی اور تماشائی بنی رہی۔
علاقے میں اس واقعے کے بعد شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ شہری حلقوں نے پولیس وردی میں واردات کرنے والے ڈاکوؤں کی گرفتاری اور پولیس کی مبینہ غفلت پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔