تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ)تنگوانی اور گردونواح میں ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری بڑھتی جارہی ہے، شبیر آباد اور ڈیرہ سرکی تھانہ کی حدود میں پیش آنے والے دو مختلف وارداتوں نے عوام کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے جبکہ پولیس مکمل طور پر خاموش تماشائی بنی رہی۔

تفصیلات کے مطابق تنگوانی کے نواحی علاقے شبیر آباد تھانے کی حدود میں موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ڈاکوؤں نے چرواہے پر حملہ کرتے ہوئے مزاحمت پر گولی مار کر زخمی کر دیا اور اس کی بکری لے کر با آسانی فرار ہوگئے۔ زخمی چرواہے کو فوری طور پر سکر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ضلعی سطح پر شہریوں کی جان و مال غیر محفوظ ہوچکی ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر غیر فعال نظر آ رہے ہیں۔

دوسری طرف، آج دن کے وقت ڈیرہ سرکی تھانے کی حدود میں صیفل اسٹاپ کے مقام پر ہائی وے پر مسافر وینوں کو روک کر ڈاکوؤں نے متعدد افراد سے نقدی اور موبائل فونز لوٹ لیے۔ واردات کے دوران پولیس کچھ فاصلے پر موجود ہونے کے باوجود کوئی کارروائی نہ کر سکی۔ متاثرہ مسافروں نے واقعے کے فوراً بعد سڑک پر احتجاج کیا اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ وہ اپنی جان و مال کی حفاظت کے لیے خود سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

مسلسل وارداتوں اور پولیس کی مجرمانہ خاموشی نے عوام کو شدید اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔ شہری حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر میں امن و امان کی بحالی اور ڈاکوؤں کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

Shares: