تنگوانی (باغی ٹی وی) نامہ نگار منصور بلوچتنگوانی شہر میں رات دیر گئے ڈاکوؤں نے بھتہ نہ دینے پر ایک کار شوروم، دکان اور شوروم مالک کے گھر پر جدید اسلحے سے شدید فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان دو گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، تاہم تنگوانی پولیس کو کسی بھی ضلع فورس یا دیگر تھانوں سے مدد نہ مل سکی۔

تفصیلات کے مطابق رات گئے مسلح ڈاکوؤں نے تنگوانی کے معروف تاجر برکت علی کھوسہ کے کار شوروم اور ان کے گھر کو نشانہ بنایا۔ ڈاکوؤں نے بھتہ نہ دینے پر جدید خودکار اسلحے سے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں شوروم میں کھڑی کئی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔

فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی تنگوانی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ڈاکوؤں سے دو گھنٹے تک مقابلہ جاری رہا۔ دونوں جانب سے شدید فائرنگ کے باعث پورا علاقہ گولیوں کی آوازوں سے گونج اٹھا۔ شہری خوف کے باعث گھروں میں محصور ہو گئے، جبکہ علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

اس افسوسناک واقعے کے دوران تنگوانی پولیس کو ضلع کی کسی بھی فورس کی مدد نہ مل سکی۔ مقامی پولیس اہلکار بے یار و مددگار ہو کر ڈاکوؤں کا مقابلہ کرتے رہے، لیکن کوئی اضافی نفری یا کمک فراہم نہیں کی گئی۔ ضلع کے کسی دوسرے تھانے یا فورس نے بھی مدد کے لیے رسپانس نہیں دیا، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ آئے روز بڑھتی ہوئی وارداتوں اور پولیس کی بے بسی نے ان کی زندگیاں خطرے میں ڈال دی ہیں۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکوؤں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور پولیس کو جدید اسلحہ اور مناسب نفری فراہم کی جائے تاکہ وہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنا سکے۔

ذرائع کے مطابق، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ تاہم، تاحال کسی بھی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

Shares: