تنگوانی(باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) دھان کے کم نرخوں پر کاشتکاروں سے اظہارِ یکجہتی، راہِ حق پارٹی اور عوامی تحریک کی الگ الگ احتجاجی ریلیاں

تنگوانی شہر میں کاشتکاروں کو دھان (سری) کے مناسب نرخ نہ ملنے کے خلاف پاکستان راہِ حق پارٹی اور عوامی تحریک کی جانب سے دو الگ الگ احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ مقامی بیوپاری اپنی من مانی کرتے ہوئے دھان انتہائی کم داموں میں خرید رہے ہیں، جس سے ان کا بمشکل ہی کاشت کا خرچ پورا ہو رہا ہے۔

راہِ حق پارٹی کی ریلی کی قیادت مولانا شاہ مور بلوچ، ڈاکٹر محمد قاسم فاروقی، سندھ ترقی پسند پارٹی کے رہنما غلام حسین ڈاہانی، شہری ایکشن کمیٹی کے غلام حسین باجکانی، اعجاز ملک اور دیگر رہنماؤں نے کی۔ مقررین نے خطاب میں کہا کہ رائس مل مالکان من مانی ریٹ مقرر کر کے آبادگاروں کا معاشی استحصال کر رہے ہیں، جس سے کسان طبقہ شدید مالی بحران کا شکار ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت اور ڈی سی کشمور سے مطالبہ کیا کہ دھان کی سرکاری قیمت مقرر کی جائے تاکہ کاشتکاروں کو ان کی محنت کا جائز معاوضہ مل سکے۔

دوسری جانب عوامی تحریک کی احتجاجی ریلی کی قیادت آصف کوسو، صدام حسین کوسو، اللہ بخش نندوانی اور دیگر مقامی رہنماؤں نے کی۔ ریلی بس اسٹینڈ سے جعفرآباد روڈ تک نکالی گئی۔ مقررین نے کہا کہ علاقے کے بیوپاری اور رائس مل مالکان کسانوں کو کم نرخ دے کر ان کا معاشی استحصال کر رہے ہیں، جسے فوراً روکا جائے۔

رہنماؤں نے حکومتِ سندھ سے مطالبہ کیا کہ دھان کے نرخ فوری طور پر مقرر کر کے ان پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، تاکہ کاشتکاروں کی محنت ضائع نہ ہو اور ان کے حقوق کا تحفظ ہو سکے۔

Shares: