تنگوانی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سات سالہ بچہ جاں بحق، ڈرائیور زخمی
تنگوانی(باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب ہائی وے پر ڈاکوؤں کی جانب سے گاڑیوں پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں سات سالہ علی لاشاری جاں بحق ہوگیا اور گاڑی کا ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ ٹھل-کندھ کوٹ روڈ پر کھاہی اسٹاپ کے قریب پیش آیا جو تھانہ تنگوانی کی حدود میں واقع ہے۔ حملے کے دوران ڈاکوؤں نے کئی گاڑیوں کو نشانہ بنایا، جس سے علی لاشاری موقع پر ہی دم توڑ گیا اور ڈرائیور الطاف حسین لاشاری جوکہ جاں بحق ہونے والے بچے کا والد ہے کو شدید چوٹیں آئیں۔
زخمی الطاف حسین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے سسرال سے واپس کندھ کوٹ جا رہے تھے، جب 6 مسلح ڈاکوؤں نے ان پر حملہ کیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ان کا کمسن بیٹا جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھتے ہیں کیونکہ اطلاع ملنے کے باوجود اب تک جائے وقوعہ پر پولیس نہیں پہنچ سکی۔ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، اور مقامی افراد نے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔