تنگوانی (باغی ٹی وی نامہ نگار: منصور بلوچ)تنگوانی میں ایک مجرم نے جرم کی دنیا کو خیرباد کہہ کر خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق تنگوانی کے قریب گاؤں تھاغمان باجکانی کے رہائشی مرتضیٰ باجکانی نے تنگوانی پولیس کے سامنے پیش ہو کر جرم کی دنیا چھوڑنے کا اعلان کیا۔

ملزم مرتضیٰ باجکانی کا کہنا تھا کہ اس کے خلاف پولیس میں تقریباً 14 مقدمات درج ہیں، تاہم وہ اب جرم سے توبہ کر کے ایک نیک اور پرامن زندگی گزارنا چاہتا ہے، اسی لیے اس نے اپنی مرضی سے پولیس کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا۔

اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ تنگوانی اعجاز احمد کھوسہ نے کہا کہ جن ڈاکوؤں یا ملزمان نے جرم کی زندگی ترک کر کے خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا، ان کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اقدام ایس ایس پی کشمور مراد گانگرو کی ہدایت پر عمل درآمد کا حصہ ہے۔

ایس ایچ او کے مطابق مرتضیٰ باجکانی پہلا شخص ہے جس نے اس سلسلے کا آغاز کرتے ہوئے آج خود کو پولیس کے حوالے کیا۔

Shares: