تنگوانی،باغی ٹی وی(نامہ نگارمنصوربلوچ) تھانہ تنگوانی کی حدود سے دو افراد اغوا، پولیس خاموش
تنگوانی کے قریب تھانہ تنگوانی کی حدود میں ڈاکوؤں نے دو افراد کو اغوا کر لیا۔ واقعہ گاؤں محمد حیات کھوسو میں پیش آیا، جہاں وڈیرے خان محمد کے ڈیرے پر چوکی پر موجود گل حسن اور اس کے بھتیجے مورزادو کھوسو کو ڈاکو رات دیر گئے اغوا کر کے لے گئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ ڈاکو اچانک ڈیرے پر پہنچے اور دونوں افراد کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔ مقامی پولیس ابھی تک کارروائی کرنے میں ناکام رہی ہے، جس پر اغوا شدگان کے اہل خانہ شدید غم و غصے کا شکار ہیں۔
اغوا شدہ افراد کے گھروں پر ماتم کا ماحول ہے، اور متاثرہ خاندانوں نے پولیس کی خاموشی اور بے حسی پر سخت احتجاج کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس کو فوری طور پر ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کر کے مغویوں کو بازیاب کرانا چاہیے۔
علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، اور شہری اپنی حفاظت کے حوالے سے شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔ متاثرین کے خاندانوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ واقعے کا نوٹس لے کر فوری انصاف فراہم کرے۔
پولیس کی جانب سے اب تک کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ علاقے کے عوام مطالبہ کر رہے ہیں کہ ڈاکوؤں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جائے۔