تنگوانی ،باغی ٹی وی(نامہ نگارمنصور بلوچ) گاؤں نور اللہ خان باجکانی کے قریب ڈاکوؤں کی موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش مزاحمت پر خونریز تصادم میں بدل گئی۔ تنگوانی تھانے کی حدود گہنا نہر پر ڈاکوؤں نے تین نوجوانوں سے بائیک چھیننے کی کوشش کی، مزاحمت پر فائرنگ کر کے عبدالنبی، عابد علی، اور اشفاق احمد کو شدید زخمی کر دیا۔
گولیوں کی آواز سن کر گاؤں کے رہائشیوں نے دو ڈاکوؤں کو پکڑ کر تنگوانی پولیس کے حوالے کر دیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ عبدالنبی کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کر کے پولیس نے گرفتار ڈاکوؤں کے خلاف تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس ریکارڈ چیک کر کے ڈاکوؤں کے دیگر جرائم کی تفصیلات بھی حاصل کر رہی ہے۔ عوام نے مقامی افراد کی جرات اور پولیس کے فوری ایکشن کی تعریف کی ہے۔