تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب جمال تھانے کی حدود میں کار چھیننے کی کوشش خونریز تصادم میں بدل گئی، ڈاکوؤں اور کار سواروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو موقع پر ہلاک جبکہ تین شہری شدید زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق کرمپور روڈ لنک پر نامعلوم ڈاکوؤں نے ایک گاڑی کو روک کر چھیننے کی کوشش کی، تاہم گاڑی میں سوار افراد نے مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دو ڈاکو، عیدن نندوانی اور حامد نندوانی موقع پر ہلاک ہو گئے۔

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے کار سوار تین افراد — الیاس جعفری، میر حسن جعفری اور علی گل جعفری — شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر کرمپور سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کے بعد جمال تھانے کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کر دی۔ پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کا تعلق جرائم پیشہ گروہ سے ہوسکتا ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Shares: