خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں رات گئے نامعلوم افراد نے ایک گرلز پرائمری اسکول کو دھماکے سے تباہ کردیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ٹانک کے علاقے گرہ بڈھا میں پیش آیا جہاں شرپسند عناصر نے اسکول کی عمارت میں نصب دھماکا خیز مواد کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑا دیا۔

ڈی پی او ٹانک شبیر حسین شاہ نے تصدیق کی کہ دھماکے کے نتیجے میں گرلز پرائمری اسکول کی عمارت مکمل طور پر منہدم ہوگئی، تاہم خوش قسمتی سے واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا کیونکہ اسکول اس وقت بند تھا۔پولیس کے مطابق، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اسکول تباہ ہونے سے علاقے کی بچیوں کی تعلیم شدید متاثر ہوگی، کیونکہ وہی واحد تعلیمی ادارہ تھا جہاں درجنوں طالبات زیرِ تعلیم تھیں۔ڈی پی او نے مزید بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

Shares: