جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد نے ڈپلومیٹک پاسپورٹ کے غلط استعمال کے کیس میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 12 اپریل کی تاریخ مقرر کردی ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل کی عدالت میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے خلاف ڈپلومیٹک پاسپورٹ کے غلط استعمال کے کیس کی سماعت ہوئی۔ اس دوران سردار تنویر الیاس کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی، جسے عدالت نے منظور کرلیا۔عدالت نے ملزم کے وکیل کو فرد جرم کے لیے چالان کی کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ 12 اپریل مقرر کردی۔ کیس کی مزید سماعت اسی تاریخ کو ہوگی۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے خلاف ایف آئی اے (فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی) میں ڈپلومیٹک پاسپورٹ کے غلط استعمال کے الزام میں مقدمہ درج ہے۔