انسداد دہشتگردی یونٹ اسلام آباد کی تنظیم نو کا فیصلہ
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان کے حکم پر انسداد دہشتگردی یونٹ اسلام آباد کی تنظیم نو کا فیصلہ کیا گیا ہے
پاکستان میں اپنی نوعیت کے پہلے انسداد انتہا پسندی یونٹ کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔یونٹ سوشل میڈیا اور ویب سائٹس پر سیاسی، مسلکی، لسانی اور مذہبی انتہا پسندی مواد کا جائزہ لے گا۔نیا یونٹ آپریشنز اور انٹیلیجنس کے علاوہ قائم کیا گیا ہے۔یونٹ کا انچارج ایس پی لیول کا افسر ہوگا جو کہ ایس ایس پی سی ٹی ڈی کے ماتحت کام کرے گا۔
انتہا پسندی کے تدارک کے لئے اسلام آباد کیپیٹل پولیس کی ٹیمیں تعلیمی اداروں، مدارس میں جائیں گی۔مساجد میں خطبوں کی نگرانی کی جائے گی۔یونٹ کے لئے لسانی ماہرین کی خدمات لی جائیں گی۔اس حوالے سے قانون سازی کے لیے سفارشات بھی مرتب کی جائیں گی۔قومی بیانیے کے مطابق نوجوان نسل کی ذہن سازی کی جائے گی۔سی ٹی ڈی کو جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے اور فوری ردعمل کو بہتر بنانے کے لئے وزارت داخلہ کو سفارشات بھیجی جارہی ہیں۔
جوائنٹ ایکشن ٹیموں، جدید تکنیکی مرکز کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے۔سی ٹی ڈی کی تنظیم نو سے مجموعی کارکردگی، شہر کی سکیورٹی کوموثر بنانے، انسداد دہشتگردی اور انتہا پسندی کے تدارک میں اہم کردار ادا کرے گی۔اسلام آباد کیپیٹل پولیس شہر کی سکیورٹی کو موثر بنانے کے لئے متعدد اقدامات کررہی ہے۔