کینیڈا میں دو تربیتی ہوائی جہازوں کے درمیان ایک افسوسناک فضائی تصادم ہوا جس میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔ بھارتی قونصل خانہ جنرل، ٹورنٹو نے بدھ کے روز اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مارے جانے والوں میں ایک ہندوستانی نژاد طالبعلم پائلٹ بھی شامل تھا۔

یہ حادثہ منگل کی صبح پیش آیا، جب ہاروز ایئر پائلٹ اسکول کے قریب دو چھوٹے سیسنا ایک انجن والے تربیتی طیارے ایک ساتھ ٹکرا گئے۔ حادثہ تقریباً رن وے سے 400 میٹر کی دوری پر ہوا۔مارے جانے والے پائلٹس کی شناخت 21 سالہ سریہری سکیش کے طور پر ہوئی جو کیرالا، ہندوستان کے رہائشی تھے جبکہ دوسرے پائلٹ ان کے ہم جماعت، 20 سالہ کینیڈین شہری، ساوانا مے روئس تھے۔

قونصل خانہ جنرل نے ایک ٹویٹ میں کہا”گہرے دکھ کے ساتھ ہم سریہری سکیش، ایک نوجوان ہندوستانی طالبعلم پائلٹ، کے اچانک انتقال پر افسوس کرتے ہیں جو سٹینبیک، مینیٹوبا کے قریب فضائی تصادم میں جاں بحق ہوئے۔ ہم ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ قونصل خانہ مرحوم کے خاندان، پائلٹ تربیتی اسکول اور مقامی پولیس سے رابطے میں ہے تاکہ ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے۔”

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سریہری پہلے ہی اپنا پرائیویٹ پائلٹ لائسنس حاصل کر چکے تھے اور وہ کمرشل پائلٹ سرٹیفیکیشن کے لیے تعلیم حاصل کر رہے تھے۔حادثے کے وقت دونوں طالبعلم چھوٹے سیسنا طیاروں میں ٹیک آف اور لینڈنگ کی مشق کر رہے تھے۔ ہاروز ایئر پائلٹ اسکول کے صدر ایڈم پینر نے بتایا کہ دونوں پائلٹس بیک وقت رن وے پر لینڈنگ کی کوشش کر رہے تھے، جس کی وجہ سے ان کے طیارے آپس میں چند سو گز کے فاصلے پر ٹکرا گئے۔اگرچہ دونوں طیارے ریڈیو سے لیس تھے، لیکن نیو یارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق بظاہر دونوں پائلٹس ایک دوسرے کو دیکھ نہیں پائے تھے۔

ہاروز ایئر پائلٹ اسکول، جس کی بنیاد ایڈم پینر کے والدین نے 1970 کی دہائی میں رکھی تھی، ہر سال تقریباً 400 طالبعلموں کو پائلٹ کی تربیت دیتا ہے اور دنیا بھر سے طلباء یہاں پیشہ ورانہ اور تفریحی مقاصد کے لیے تربیت حاصل کرتے ہیں۔

Shares: