فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سال 2025 کے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں کسی بھی قسم کی توسیع کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق ٹیکس دہندگان کو 30 ستمبر 2025 تک ہر صورت میں ریٹرن فائل کرنا ہوں گے، ورنہ انہیں قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تاریخ میں توسیع کی خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔ ادارے نے واضح کیا کہ ٹیکس دہندگان کے پاس ریٹرن جمع کرانے کے لیے پہلے ہی کافی وقت موجود رہا ہے، اس لیے مزید مہلت دینے کی کوئی ضرورت نہیں۔بعض حلقے ریٹرن فائلنگ کی تاریخ کو حالیہ سیلاب سے جوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو درست نہیں کیونکہ زیادہ تر ٹیکس دہندگان ان آفات سے متاثر نہیں ہوئے۔ ایف بی آر نے اس تاثر کو بھی رد کر دیا کہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا آن لائن نظام (آئی آر آئی ایس) سست روی کا شکار ہے۔ ادارے کے مطابق یہ پلیٹ فارم مکمل طور پر فعال ہے اور ریٹرن فائل کرنے میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہے۔
ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کو سختی سے متنبہ کیا ہے کہ اگر انہوں نے مقررہ تاریخ تک ریٹرن جمع نہ کرایا تو انہیں جرمانے اور دیگر قانونی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔