امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ تشدد کی راہ اپنانے والے خود اپنی قبر کھود رہے ہیں۔
باغی ٹی وی : امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ’ ایکس ‘ پر جاری بیان میں کہا کہ ہمیشہ کہا جو جیتا ہے اسے جیتنے دو، ہارنے والوں کو مسلط نہ کرو، کراچی میئر سے لے کر عام انتخابات تک فارم 47 کی پیداوار نمائندوں کو مسلط کیا گیا، عوام کے جمہوری حقوق پر ڈاکا ماراگیا، یہ بات واضح ہے کہ موجودہ حکومت فارم 47 کی جعلی حکومت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کو کم از کم دو تہائی اکثریت ملی ہے، ہنگامی بنیادوں پر جوڈیشل کمیشن بناکر فارم 45 کی بنیاد پر عوام کی اصل منتخب کردہ حکومت لائی جائے عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، اور 26 ویں آئینی ترمیم کالعدم قراردی جائے،تشدد کی راہ اپنانے والے خود اپنی قبر کھود رہے ہیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹرعرفان صدیقی نے کہا ہے کہ آج کریں یا کل، فیصلہ کرنا پڑے گا کہ کیا بدامنی، لاقانونیت، فتنہ و فساد، قتل و غارت گری اور پاکستان مخالف ایجنڈے پر عمل پیراگروہ ”سیاسی جماعت“ کہلانے کاحق رکھتا ہے؟
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں عرفان صدیقی نے کہا کہ پاکستان کی 77 سالہ تاریخ میں کون سی سیاسی جماعت ہے جس نے صوبائی طاقت کے ذریعے وفاق پر لشکر کشی کی ہو، فائرنگ کی ہو، آنسو گیس پھینکی ہو، نصف درجن اہلکاروں کو قتل اور سیکڑوں کو زخمی کر دیا ہو؟پی ٹی آئی 9 مئی 2023 کے بعد ہرگز سیاسی جماعت نہیں رہی تھی لیکن اسے لمبی ڈھیل دی گئی، نتیجہ یہ کہ سیاسی جھنڈا اٹھائے خونخوار لشکر لاشیں گراتا، خون بہاتا، 9 مئی سے کہیں بڑا 9 مئی ساتھ لئے اسلام آباد تک آن پہنچا ہے۔
سینیٹرعرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ لاشیں اُٹھاتی اور جنازے پڑھتی ریاست نے آئینی ذمہ داری پوری کرنے کے لئے ردعمل دیا تو پھر یہ فسادی گروہ مظلومیت کی چادر اوڑھ کر“ سیاسی حقوق“ کا واویلا شروع کر دے گا، پی ٹی آئی کے بارے میں واضح اور دوٹوک فیصلے کا وقت آپہنچا ہے، مزید تاخیر بہت مہنگی پڑے گی۔