ڈیرہ غازی خان (بیورو رپورٹ)زنا کیس میں نیا موڑ، درخواست گزار خاتون اور گواہ کے خلاف مقدمہ درج،تھانہ سٹی تونسہ کی بڑی کارروائی، جھوٹی درخواست اور بیان بدلنے پر اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی تونسہ شریف نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے زنا کیس میں جھوٹی درخواست دینے اور بیان بدلنے پر ایک خاتون اور اس کی گواہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے یہ کارروائی اینٹی ریپ انویسٹی گیشن اینڈ ٹرائل ایکٹ 2021ء کے تحت کی ہے تاکہ انصاف کے عمل کو متاثر ہونے سے بچایا جا سکے۔

پولیس کے مطابق، شجاع آباد کی رہائشی ثناء ملک نے ذاتی مفاد کے لیے ایک بے گناہ شخص پر جھوٹا الزام لگاتے ہوئے مقدمہ درج کرایا تھا۔ بعد میں، انہوں نے عدالت میں اپنا بیان بدل دیا اور کیس سے دستبرداری اختیار کر لی۔ ان کی ساتھی فرزانہ بھی اس جھوٹے عمل میں ان کے ساتھ شامل تھیں۔ اس غیر ذمہ دارانہ رویے نے نہ صرف انصاف کے عمل کو نقصان پہنچایا بلکہ معاشرے میں بھی بگاڑ اور بد اعتمادی پیدا کی۔

پولیس ترجمان نے واضح کیا ہے کہ قانون سے کھلواڑ کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ ایسے افراد کو قانون کے کٹہرے میں لا کر مثال قائم کی جائے گی تاکہ کوئی بھی آئندہ جھوٹے مقدمات سے نظامِ انصاف کو کمزور کرنے کی جرات نہ کرے۔ پولیس کا مؤقف ہے کہ قانون کی بالادستی کو ہر حال میں قائم رکھا جائے گا۔

Shares: