تونسہ :بجلی کے بھاری بلوں پر عوام کاشدید احتجاج

حکومت نے عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیئے ہیں،‏انجمن تاجران تونسہ کا پیر کو پہیہ جام ہڑتال کا اعلان

تونسہ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگار عمران لنڈ) تونسہ :بجلی کے بھاری بلوں پر عوام کاشدید احتجاج،حکومت نے عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیئے ہیں،‏انجمن تاجران تونسہ کا پیر کو پہیہ جام ہڑتال کا اعلان
تفصیل کے مطابق آج کلمہ چوک تونسہ شریف پر جماعت اسلامی کے ضلعی امیر نعیم اللہ عاربی ایڈوکیٹ کی سربراہی میں بجلی بھاری بلوں اور ناجائز ٹیکسز پر شدیداحتجاج کیاگیا،نمازجمعہ کے ہونے والے احتجاج میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی

نعیم اللہ عاربی ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ بلوں کی بھرمار گورنمنٹ نے جو ظلم کے پہاڑ کھڑے کر دیے ہیں غریب آدمی گھر کی روٹی پوری کرے یاناجائز بجلی کے بل ادا کرے ،اس مہنگائی کے عفریت میں ایک مزدورکو اجرات 600 سے 700 روپے ملتی ہے، کبھی کسی غریب آدمی کی دیہاڑی لگتی ہے کبھی نہیں لگتی ،ایسے لوگ مجبوراََ خود کشیاں کر رہے ہیں

انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لوگ مسائل کا شکار ہیں خدارا غریب عوام پر رحم کریں بلوں کے جو ٹیکس ہیں وہ ختم کریں اور غریب لوگوں کو ریلیف دیں تاکہ وہ اپنی زندگی صحیح اور بہتر طریقے سے گزار سکے

اس موقع پر شہریوں نے بجلی کے بل اٹھا رکھے تھے اور موجودہ نگران حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی،عوام کا کہنا تھا کہ ناجائز ٹیکسز نے متوسط طبقے اور سفید پوش شہریوں کی چیخیں نکال دی ہیں جبکہ نیپرا کی جانب سے بجلی مزید مہنگی کر نے کی ہولناک خبر سنا دی گئی جس سے شہریوں میں مزید تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

شہریوں نے اپیل کی ہے کہ بجلی کے نرخ میں کمی کی جا ئے یہ بھاری بھرکم بل ادا کر نے کی بالکل بھی سکت نہیں ہے مزید ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو ہم دھرنے کی کال بھی دے دیں گے

دوسری طرف ذرائع کابتانا ہے کہ انجمن تاجران تونسہ شریف نے پیر کو پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کردیا، ظالمانہ بجلی بلوں کیخلاف احتجاج، بل جمع نہ کرانے کا اعلان کیا گیا ہے-

Leave a reply