محمدانوربریارنے نئے ضلع تونسہ شریف کے ڈپٹی کمشنر کا اضافی چارج سنبھال لیا ہے

تونسہ شریف،باغی ٹی وی (عمران لنڈ):ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد انور بریار نے نئے ضلع بننے والے تونسہ شریف کے ڈپٹی کمشنر کا اضافی چارج سنبھال لیا ہے. تونسہ کے پہلے ڈپٹی کمشنر نے ضلع تونسہ کے افسران کا اجلاس اپنے نئے آفس میں جمعتہ المبارک23دسمبر کو12 بجے طلب کرلیا ہے،نئے تعمیر ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر کمپلیکس کو ڈپٹی کمشنر آفس کا درجہ دے دیا گیا ہے،ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار ڈی سی آفس تونسہ میں ساڑھے بارہ بجے کھلی کچہری بھی لگائیں گے،ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار کا کہنا ہے کہ تونسہ ضلع بننے سے انتظامی امور بہتر کرنے میں مدد ملے گی اور مقامی افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور عوامی مسائل کا بروقت حل ممکن ہو سکے گا،انہوں نے کہا کہ نئے ضلع بننے والے تونسہ میں میری پہلی ترجیح وہاں کے سیلاب متاثرین کو امدادی رقوم کی فراہمی ہوگی،انہوں نے کہا کہ سیلاب سے سب سے زیادہ تباہی تونسہ میں ہوئی تھی،میری کوشش ہوگی کہ سیلاب متاثرین کو جلد ازجلد حکومت پنجاب کی طرف سے امدادی رقوم فراہم کی جائیں تاکہ متاثرین کے نقصان کا ازالہ ممکن ہوسکے،محمد انور بریار نے کہا کہ میں نے کل تونسہ میں تمام افسران کا اجلاس بھی طلب کیا ہے جس میں انتظامی معاملات زیر بحث آئیں گے،انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ ایک ماہ میں نئے ضلع میں تمام محکموں کے ضلعی دفاتر قائم کریں تاکہ انتظامی امور نمٹانے میں آسانی ہو، انہوں نے کہا کہ تونسہ کے ضلع بننے سے عوام کو ریلیف دلانا میری ترجیح ہوگی،تونسہ کے لوگوں کو اب اپنے کاموں کے سلسلے میں کسی دوسری جگہ جانا نہیں پڑے گا بلکہ ان کے مسائل اب انکی اپنی دہلیز پر حل کئے جائیں گے۔

Leave a reply