برطانیہ کے محکمۂ ٹیکس نے نواز شریف کے صاحبزادے، حسن نواز، کی بینک کرپسی کی مدت کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ محکمۂ ٹیکس نے تصدیق کی ہے کہ حسن نواز کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں تھے، جس کے باعث ان کی بینک کرپسی کی مدت ختم ہو گئی۔
اب حسن نواز ایک مرتبہ پھر کمپنی کے ڈائریکٹر بننے کے اہل ہو چکے ہیں اور وہ اپنے کاروبار کو معمول کے مطابق چلانے کے لیے قانونی طور پر آزاد ہیں۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق، حسن نواز کی بینک کرپسی کی مدت 29 اپریل 2025ء کو ختم ہو گئی ہے۔یاد رہے کہ تقریباً دو ماہ قبل ایچ ایم آر سی نے حسن نواز کے دیوالیہ ہونے کی اطلاع دی تھی۔ حسن نواز نے تقریباََ 10 ملین پاؤنڈ کا ٹیکس ادا نہ کرنے کے سبب دیوالیہ پن اختیار کیا تھا۔ تاہم، ان کا موقف یہ تھا کہ انہوں نے تمام واجب الادا ٹیکس ادا کر دیے تھے، لیکن ایچ ایم آر سی نے ایک طویل عرصہ گزرنے کے باوجود مزید ٹیکس کا مطالبہ کیا تھا۔
گزشتہ سال حسن نواز کے دیوالیہ ہونے کی تفصیلات سرکاری گزٹ میں شائع کی گئی تھیں۔ اس میں واضح کیا گیا کہ قرضوں کی ادائیگی سے معافی ملنے کے بعد، قانونی طور پر قرض دہندگان کو حسن نواز کے قرض واپس کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔بینک کرپسی کی مدت ختم ہونے کے بعد، حسن نواز کے لیے کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لینے اور کمپنی کی قیادت کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔