وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستانی دنیا میں کم ترین ٹیکس ادا کرنے والی قوموں میں شمار ہوتے ہیں۔
کراچی میں ایک تقریب میں انہوں نے کہا کہ مضبوط معیشت کی بنیاد ٹیکس، برآمدات اور بیرونی سرمایہ کاری پر ہوتی ہے، نجی شعبہ جتنا مضبوط ہوگا اتنی تیزی سے معاشی اہداف حاصل کریں گے، ہم کم ترین ٹیکس ادا کرنے والی قوموں میں شمار ہوتے ہیں،د نیا میں 16 اور 18 فیصد ٹیکس کی شرح والی قومیں ترقی کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں ٹیکس کی شرح صرف 8 فیصد ہے، قرضوں کی ادائیگی کے بعد 2ہزار8سو ارب روپے بچتے ہیں، قرضوں کی ادائیگی کے بعد ڈھائی ہزار ارب روپے دفاع پر خرچ ہوجاتے ہیں،پاکستان کی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے، شرح سود 22 فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد پر آگئی ہے، مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے، حکومتی اقدامات کی بدولت ملک معاشی طور پر مضبوط ہو چکا ہے۔