مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے مطالبے پر زرعی ٹیکس لگانا کسی صورت درست نہیں. بیرونی دباؤ پر ٹیکسز کا نفاذ ملک میں مزید مہنگائی کا سبب بنے گا. سرکاری ملازمین ریاست کے ستون ،ان کےمسائل حل کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے.ملازمین کے حقوق کی حمایت مرکزی مسلم لیگ کی اولین ترجیح ہے، مرکزی مسلم لیگ ہر فورم پر ملازمین کے حقوق کے لئے ان کے ساتھ ہے. کسان کو بنیادی حق اور صنعتکاروں وتاجروں کو سستی بجلی ملنی چاہئے تا کہ صنعتوں کا پہیہ تیز رفتاری سے چلے۔
ان خیالات کا اظہار حافظ طلحہ سعید نے پاکستان ملی لیبر فیڈریشن کے زیر اہتمام ملی لیبر کی ذیلی فیڈریشنز کی تقریب حلف برداری و بعد ازاں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا.حافظ طلحہ سعید کے تقریب حلف برداری میں پہنچنے پر ملی لیبر فیڈریشن کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں.حافظ طلحہ سعید نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور کہا کہ مرکزی مسلم لیگ ملازمین کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، ملازمین کے حقوق و فلاح و بہبود کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے.ہم معاشرے کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلیں گے.
حافظ طلحہ سعید کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت میں زراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،کسانوں پر آئی ایم ایف کے مطالبے پر زرعی ٹیکس لگانے کی بجائے کسانوں کو ریلیف دیا جائے.آئی ایم ایف کے دباؤ پر زرعی ٹیکس لگانے سے گندم اور دیگر اشیاء مزید مہنگی ہو جائیں گی، جس سے عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ پڑے گا۔حکومت کسانوں اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے فوری اقدامات کرے تاکہ مہنگائی میں کمی ہو.