حافظ آباد (باغی ٹی وی) – گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول نمبر 5 میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ساتویں جماعت کے طالبعلم محمد طیب کو معمولی غیر حاضری پر استاد محمد فیاض نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ بچے کے جسم پر نازک مقامات پر واضح تشدد کے نشانات موجود ہیں جو استاد کے غیر انسانی رویے کی عکاسی کرتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق محمد طیب جمعہ کے روز بارش کے باعث یونیفارم استری نہ ہونے کی وجہ سے غیر حاضر رہا۔ سوموار 5 مئی کو جب وہ اسکول آیا تو ٹیچر محمد فیاض نے تمام تدریسی و اخلاقی حدود کو پامال کرتے ہوئے اس پر تشدد کیا۔

متاثرہ بچے کے والد محمد محسن نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے حافظ آباد ٹراما سنٹر سے لیگل میڈیکل سرٹیفکیٹ حاصل کر لیا ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ صرف معافی کافی نہیں، قانون کو اپنا راستہ لینا چاہیے۔

ذرائع کے مطابق استاد محمد فیاض متاثرہ خاندان سے معافی مانگنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن متاثرہ والد نے ڈپٹی کمشنر، سی ای او ایجوکیشن اور ڈی ای او سے فوری فوجداری اور محکمانہ کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

محمد محسن کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے طلبہ پر تشدد کی مکمل ممانعت کے باوجود اس قسم کے واقعات کا پیش آنا نہایت تشویشناک ہے۔ شہری و سماجی حلقوں نے بھی واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے معصوم بچوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا اور مطالبہ کیا ہے کہ ملزم استاد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ آئندہ کوئی استاد اپنی حیثیت کا ناجائز استعمال نہ کر سکے۔

Shares: