ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ننکانہ صاحب کی جانب سے یومِ اساتذہ کے موقع پر اساتذہ کرام کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے “ہیرو ایوارڈ” تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی، جب کہ سی ای او ایجوکیشن شازیہ بانو، سی ای او ضلع کونسل عامر اختر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے ضلع بھر کے 63 قابل و محنتی اساتذہ کو “ہیرو ایوارڈ” سے نوازا۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں، انہیں عزت و توقیر دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اساتذہ کی محنت، لگن اور خلوص کی بدولت ہی پاکستان دنیا بھر میں تعلیمی میدان میں اپنا نام روشن کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم زندہ دل قوم ہے جو اپنے اساتذہ کو سلام پیش کرتی ہے۔ اساتذہ حقیقی والدین کی طرح اپنے شاگردوں کو ترقی کی بلندیوں پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان کی رہنمائی، تعلیم و تربیت اور کاوشوں کے باعث طلبہ اپنے مستقبل کو محفوظ اور روشن بنا رہے ہیں۔








