ھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فارمیٹ بہت مشکل ہے اور ایک شکست کسی بھی ٹیم کو ناک آؤٹ مرحلے سے باہر کر سکتی ہے۔
دبئی میں بنگلادیش کے خلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس میں روہت شرما نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لئے ہمیں زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔بھارتی کپتان کا مزید کہنا تھا: "چیمپئنز ٹرافی ایک مشکل فارمیٹ ہے، اور ایک غلطی یا شکست ٹیم کو ایونٹ سے باہر کر سکتی ہے۔ ہمیں اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے زیادہ پاگل نہیں ہونا چاہیے۔” انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام ٹیمیں اس ٹورنامنٹ میں جیتنے کی نیت سے آتی ہیں، اور بھارتی ٹیم بھی ایک مضبوط کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
روہت شرما نے یہ بھی کہا کہ دیگر ٹیمیں اپنی طاقت پر کھیلتی ہیں اور ہم بھی دبئی کے ماحول میں اپنی بہترین حکمت عملی کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے بھارتی ٹیم کی متوازن ساخت کو سراہا، جہاں اسپنرز اور آل راؤنڈرز کا بہترین کمبی نیشن موجود ہے۔ بھارتی کپتان نے دبئی کے گرم اور خشک ماحول کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم اس کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلے بازوں کو میدان میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
روہت شرما نے اپنی ٹیم کے نئے اسپنر ورون چکروتی کے بارے میں کہا کہ پریکٹس سیشنز میں وہ اتنا اسپن نہیں کر رہے تھے، تاہم اگر وہ کچھ چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں تو وہ میچ کے دوران سامنے آ جائے گا۔ بھارتی ٹیم نے جیسوال کی جگہ اسپنر ورون چکروتی کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
بھارت اور بنگلادیش کے درمیان 20 فروری کو دبئی میں ہونے والا میچ بہت اہمیت کا حامل ہے، جس میں دونوں ٹیموں کے لیے جیتنے کا موقع ہے۔







