پشاور(باغی ٹی وی رپورٹ) ورلڈ کوالیفائرز ٹیک بال چیمپئن شپ کے لیے پاکستان ٹیک بال ٹیم کے ٹرائلز قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور میں منعقد ہوئے، جن میں ملک بھر سے چالیس سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ یہ ٹرائلز ہنگری، رومانیہ اور ویتنام میں ہونے والی آئندہ عالمی چیمپئن شپ اور ورلڈ ٹیک بال ٹور میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے منعقد کیے گئے تھے۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر پشاور سپورٹس کمپلیکس اور چیف کوچ سید جعفر شاہ، راحت میاں (چیئرمین ابصار ویلفیئر فاؤنڈیشن)، جنید احمد (نائب صدر کے پی ٹیک بال ایسوسی ایشن)، اور اختر رسول (جنرل سیکرٹری مرجڈ ایریاز ٹیک بال ایسوسی ایشن) نے ربن کاٹ کر ٹرائلز کا باقاعدہ افتتاح کیا اور کچھ نمائشی سٹروک بھی کھیلے۔
پاکستان ٹیک بال فیڈریشن کے زیر اہتمام ہونے والے ان ٹرائلز میں مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ ٹرائلز کے نتائج کے مطابق مردوں کے سنگلز میں ہدایت الرحمان، خواتین کے سنگلز میں صفا مروہ، اور ڈبلز میں منیم صدیقی اور کامران احمد کا انتخاب کیا گیا۔ یہ منتخب کھلاڑی عالمی چیمپئن شپ اور ورلڈ ٹیک بال ٹور میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
علاقائی اور قومی سطح پر ٹیک بال کے کھیل کی ترقی کے لیے یہ ٹرائلز ایک اہم قدم ثابت ہو سکتے ہیں، اور منتخب کھلاڑی عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے تیار ہیں۔