اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ و محصوولات محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا-
باغی ٹی وی : وفاقی وزیر خزانہ و محصوولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس آج (پیر ) کوفنانس ڈویژن میں ہوا۔
اجلاس میں وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر بجلی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر پٹرولیم مصدق مسعود ملک، وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ،نے شرکت کی۔ وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین ایس ای سی پی، وفاقی سیکریٹریز، اور متعلقہ وزارتوں کے دیگر اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔
کابینہ کمیٹی نے مختلف وزارتوں/ ڈویژنوں کے لیے درج ذیل ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دی:
ای سی سی نے وزارت داخلہ کی فوجیوں کے اخراجات/گزارہ الاؤنس کی ادائیگی کے لیے 2.363 ملین روپے کی فراہمی کی درخواست کی منظوری دی ، انٹیلی جنس بیورو ڈویژن کی جانب سے200 ملین روپے کے فنڈز کی فراہمی کی درخواست کی منظوری دی گئی، وزارت قانون و انصاف کی جانب سے 19.373 ملین روپے فراہم کرنے کی درخواست کی گئی تھی جس کی ای سی سی نے اپنے اجلاس کے دوران منظوری دی۔
کمیٹی نے سٹریٹجک پلانز ڈویژن / سپارکو کی "پاکستان ملٹی مشن کمیونیکیشن سیٹلائٹ سسٹم” کے عنوان سے منصوبے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 4,050.686 ملین روپے کی فراہمی کی درخواست کی بھی منظوری دی۔
مزید برآں، اقتصادی رابطہ کمیٹی نےوزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے ایس این جی پی ایل کی گیس سے چلنے والے پلانٹس کو 31 مارچ 2024 سے 30 ستمبر 2024 تک 6 ماہ کی مدت کے لیے کام کرنے کی اجازت دینے کی تجویز بھی منظور کرلی تاکہ خریف سیزن کے لیے یوریا کھاد کی ہموار فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے معاشی مستقبل کیلئے ایک مضبوط پارٹنر ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی جس میں پاک امریکا تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات کے اہم پہلووٴں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان کے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کیلئے جاری امریکی حمایت پر روشنی ڈالی، امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کےساتھ تکنیکی اور ترقیاتی اقدامات میں کام کرنےکیلئے پرعزم ہے،امریکا پاکستان کی سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ اور پاکستان کے معاشی مستقبل کیلئے ایک مضبوط پارٹنر ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے احتصالات انٹرنیشنل پاکستان کے چیئرمین عبدالرحمن الرحیم النوریانی نے بھی پیر کو ملاقات کی،وزارت خزانہ کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پی ٹی سی ایل /یو فون کے صدر اور سی ای او حاتم بما طرف بھی اس موقع پر موجود تھے، ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا-








