راولپنڈی: دو روز قبل اٹک آئل ریفائنری کی سپلائی لائن میں دھماکے کے بعد آگ لگنے کے واقعہ کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے-
باغی ٹی وی : دو روز قبل راولپنڈی کے علاقے دھمیال جوڑیاں میں اٹک آئل ریفائنری کی سپلائی لائن میں دھماکے کے بعد آگ لگنے کے واقعہ کی تحقیقات میں آئل فیلڈ حکام نے آگ سے متاثرہ گھر میں آئل اسٹوریج کیلئے بنائے گئے دو خفیہ ٹینک کا سراغ لگایا ہے۔
آئل فیلڈ حکام کی تحقیقات کے مطابق ملزمان مین سپلائی لائن سے آئل چوری کرنے کے بعد ٹینک میں محفوظ کرتے تھے ملزمان نے سلیم نامی پراپرٹی ڈیلر سے گھر 15 روز قبل کرائے پر حاصل کیا تھا، کرائے داروں میں راجہ غلام مصطفیٰ محمد سرفراز، محمد اسلم اور سردار طارق شامل ہیں-
حکام کے مطابق ملزمان نے تیل پائپ لائن سے 10 انچ کا سوراخ کر رکھا تھا، تیل چوری کرنے کے لیے 20 فٹ لمبا پائپ استعمال کیا جارہا تھا ملزمان نے 84 لاکھ روپے سے زائد کا خام تیل چوری کیا ہے، آئل پائپ لائن سے 316 ڈرم تیل چوری کیا گیا ہے، چوری کیا گیا کروڑوں مالیت کا آئل برآمد کر لیا گیا ہے۔
راولپنڈی پولیس نے مالک مکان محمد کبیر خان اور چار کرائے داروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، کمشنر راولپنڈی کی ہدایت پر آئل چوری کے معاملے پر مزید تحقیقات جاری ہیں چاروں کرائے داروں کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔